طالبعلموں کی صحت کا معاملہ ، تعلیمی اداروں میں بڑی پابندی عائد کردی گئی

پنجاب فوڈ اتھارٹی نے صوبے بھر کے تعلیمی اداروں بشمول اسکولز، کالجز اور یونیورسٹیز کی کینٹینوں میں خوراک کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے نئے ضوابط جاری کر دیے ہیں۔

 

نئے ضوابط کے تحت تعلیمی اداروں کی کینٹینوں میں کاربونیٹڈ مشروبات، انرجی ڈرنکس اور مصنوعی مشروبات کی فروخت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ چائنہ نمک سے تیار مصنوعات، کاٹن کینڈی، گولا گنڈا، تمباکو اور ویپس کو بھی ممنوعہ اشیا کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔

 

حکام کے مطابق یہ فوڈ سیفٹی ضوابط تمام اسکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں اور دیگر تعلیمی اداروں پر لاگو ہوں گے، جبکہ تعلیمی اداروں کے گرد 100 میٹر کے دائرے میں قائم فوڈ بزنسز کو بھی ان قوانین پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔

 

خوراک کی درجہ بندی کے لیے گرین، ییلو اور ریڈ کیٹیگریز متعارف کرائی گئی ہیں۔ صحت بخش اور غذائیت سے بھرپور خوراک کو گرین کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے جسے مینیو میں ترجیح دی جائے گی، جبکہ ییلو کیٹیگری کی اشیا بعد میں درج ہوں گی۔ ریڈ کیٹیگری میں شامل اشیا کو تعلیمی اداروں کی کینٹین، کیفے ٹیریاز اور میس میں فراہم کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔