اسکولوں میں ہفتے میں 3 دن کی چھٹیوں کی خبروں کی اصل حقیقت سامنے آگئی ، وزیرِ تعلیم نے واضح کیا کہ اس حوالے سے کوئی باضابطہ تجویز یا نوٹیفکیشن موصول نہیں ہوا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات نے مشرقِ وسطیٰ میں درپیش بحران کے باعث ایندھن اور دیگر اخراجات کی بچت کے لیے اسکولوں میں ہفتے میں 3 دن کی چھٹیوں کی خبروں کی تردید کر دی۔
وزیرِ تعلیم نے واضح کیا کہ اس حوالے سے کوئی باضابطہ تجویز یا نوٹیفکیشن موصول نہیں ہوا۔
انہوں نے جمعے کے دن اسکول بند کرنے کی حکمتِ عملی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے ایندھن کی بچت پر کوئی خاص اثر نہیں پڑے گا۔
رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ اسکول مزید ایک دن بند رکھنے سے ڈیزل کے استعمال یا دیگر آپریٹنگ اخراجات میں کوئی بڑی کمی واقع نہیں ہوگی۔
انہوں نے حقائق کی نشاندہی کرتے ہوئے بتایا کہ سرکاری اسکولوں کے 90 فیصد سے زائد طلباء گاڑیوں کے بجائے پیدل اسکول جاتے ہیں جبکہ نجی اسکولوں میں بھی ایسی ہی صورتحال ہے جہاں 90 فیصد سے زیادہ طلباء پیدل سفر کرتے ہیں، جس کی وجہ سے اسکول بند کر کے ایندھن بچانے کا مقصد حاصل نہیں ہو سکتا۔
صوبائی وزیر نے وفاقی حکومت سے اپیل کی ہے کہ تعلیم کے شعبے کو ایندھن کی بچت کے حوالے سے کسی بھی قسم کی پابندیوں سے استثنیٰ دیا جائے تاکہ تدریسی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔
انہوں نے تاکید کی کہ ایندھن کی بچت کا کوئی بھی فیصلہ کرتے وقت طلباء اور تعلیمی اداروں کی عملی صورتحال کو مدِنظر رکھنا ضروری ہے۔
واضح رہے کہ فی الوقت پنجاب کے اسکولوں میں 3 دن کی چھٹیوں کا کوئی باضابطہ فیصلہ نہیں ہوا ہے اور اسکول اپنے معمول کے جدول کے مطابق کھلے رہیں گے






