پاکستان میں سوشل میڈیا کو ریگولیٹ کرنے کے لیے قانون مزید سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا، وزارت داخلہ نے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سوشل میڈیا پر بچوں کے استحصال اور فحاشی کے بڑھتے واقعات کے پیش نظر قانون مزید سخت کرنے پر غور کیا جا رہا ہے، سوشل میڈیا کے استعمال کے لیے عمر کی حد مقرر کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
ذرائع کے مطابق فیملی وی لاگنگ کے نام پر فحاشی کے تدارک کے لیے بھی مختلف تجاویز شامل کی گئی ہیں، کئی ممالک کی طرز پر بعض سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پابندی عائد کرنے کے آپشن پر بھی غور کیا جائے گا۔
وزارت داخلہ میں ہونے والے اجلاس میں مشاورت کے بعد حتمی فیصلے کیے جائیں گے، اجلاس میں پی ٹی اے، این سی سی آئی اے، وفاقی اور صوبائی پولیس حکام شریک ہوں گے۔
اجلاس میں بچوں کے استحصال اور فحاشی سے متعلق کیسز کا جائزہ پیش کیا جائے گا، آسٹریلیا سمیت مختلف ممالک کی سوشل میڈیا پالیسیوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔






