ایک اور ہنسانے والا فنکار رخصت ہوگیا، پاکستانی تھیٹر کے سینئر اداکار آصف اقبال انتقال کرگئے۔
اہل خانہ کے مطابق ملک آصف اقبال کو دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔ انہیں ہارٹ اٹیک کے بعد فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔
اداکار آصف اقبال نے لاتعداد اسٹیج ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے اور کامیڈی کے حوالے سے اپنے مخصوص انداز کے باعث پہچانے جاتے تھے۔ ان کے اچانک انتقال کی خبر نے شوبز حلقوں میں گہرے دکھ اور افسوس کی لہر دوڑا دی۔
آصف اقبال طویل عرصے سے تھیٹر کے شعبے سے وابستہ تھے اور اپنے کیریئر کے دوران متعدد اسٹیج ڈراموں میں یادگار کردار ادا کیے۔ ان کی اداکاری میں برجستگی اور مزاح نمایاں تھا، جس کی بدولت وہ تھیٹر کے شائقین میں بے حد مقبول رہے۔
ان کے ساتھی فنکاروں، مداحوں اور شوبز شخصیات کی جانب سے ان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ فنکاروں نے انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
آصف اقبال ایک باصلاحیت اداکار ہونے کے ساتھ ساتھ اپنے ساتھی فنکاروں کے ساتھ خوش اخلاق اور ملنسار رویے کے باعث بھی خاص مقام رکھتے تھے۔ ساتھی فنکاروں نے ان کی فنی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وفات سے اسٹیج کی دنیا ایک تجربہ کار اور باصلاحیت فنکار سے محروم ہوگئی ہے۔
فنکار برادری نے آصف اقبال کے اہل خانہ اور لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کے لیے مغفرت اور بلندی درجات کی دعا کی ہے۔ آصف اقبال کی نماز جنازہ آج بعد نماز عشاء 680 نرگس بلاک، علامہ اقبال ٹاؤن لاہور میں ادا کی جائے گی۔






