اسلام آباد: سعودی عرب اور پاکستان نے مکہ دفاعی اتحاد کے تحت مشترکہ کوششیں مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مکہ دفاعی اتحاد کے اجلاس کے موقع پر سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان کی چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں علاقائی سلامتی اور استحکام کے فروغ، دفاعی صلاحیتوں میں اضافے اور مکہ دفاعی اتحاد کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اتحادی رکن ممالک نے علاقائی سلامتی اور استحکام کے لیے دفاعی اور سیاسی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
مکہ دفاعی اتحاد کی اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے اجلاس میں سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے رکن ممالک کے درمیان قریبی سیاسی اور دفاعی رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے سیاسی اور دفاعی تعاون کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔
سعودی وزیر دفاع نے کہا کہ مکہ دفاعی اتحاد کے اجلاس میں مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کا عزم کیا گیا۔ رکن ممالک نے سیاسی و دفاعی تعاون مزید مؤثر بنانے پر زور دیا اور موجودہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے مشترکہ موقف اپنانے کا عزم کیا۔ خطے میں سیکیورٹی اور استحکام کے لیے باہمی تعاون اور رابطہ کاری مضبوط بنانے پر بھی اتفاق ہوا۔
اجلاس میں شریک ممالک نے خطے کی تازہ صورتحال پر مشترکہ موقف اپنانے اور علاقائی امن و استحکام کے لیے اجتماعی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
دوسری جانب ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں مکہ معاہدے میں نئے ممکنہ ارکان کی شمولیت کے روڈ میپ پر تبادلہ خیال ہوا۔
اسلام آباد میں مکہ دفاعی معاہدے کی تزویراتی سیاسی و دفاعی کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حاقان فیدان نے کہا کہ اجلاس میں اس بات پر گفتگو ہوئی کہ رکن بننے کے خواہشمند ممالک کے لیے کیا طریقہ کار ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اصولوں کے حوالے سے فیصلے کیے، شکر ہے ہر چیز بہت اچھے طریقے سے آگے بڑھ رہی ہے۔
اس سے قبل ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان اور پاکستان کے نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار کی مکہ دفاعی اتحاد کے اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت قریبی رابطے برقرار رکھنے، مکالمے اور کشیدگی میں کمی کے فروغ کے لیے رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔




