اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے ان کی خیریت دریافت کی اور اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ سیل کیے جانے اور اہل خانہ کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے کے واقعے پر اظہار یکجہتی کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ سیل کرنے اور ان کے اہل خانہ کو ہراساں کرنے کی مذمت بھی کی۔
ٹیلی فونک گفتگو کے دوران مولانا فضل الرحمان نے بلاول بھٹو زرداری کو اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ سیل کیے جانے کے معاملے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے صاحبزادے کو گرفتار کیا گیا جبکہ خواتین کو گھر سے باہر نکال کر ہراساں کیا گیا۔
اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمان سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی رہائش گاہ سیل کرنے اور اہل خانہ کو ہراساں کرنے کے اقدام کی مذمت کرتے ہیں۔






