کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ کی تقسیم مرتے دم تک قبول نہیں، اسمبلی کی قراردادوں کی کوئی حیثیت نہ ہونے کی بات وہی شخص کر سکتا ہے جو میرٹ پر اسمبلی میں نہ آیا ہو، جو اسمبلی کی قدر نہیں کرتا اسے ایوان میں بیٹھنے کا بھی حق نہیں۔
سندھ اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ جو شخص ووٹ لے کر کامیاب ہو کر آیا ہو، وہ اسمبلی کی توہین نہیں کر سکتا، اس طرح کی باتیں جعلی مینڈیٹ، فارم 47 کی پیداوار اور چور دروازے سے ایوان میں آنے والے لوگ ہی کر سکتے ہیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ صوبوں کی تشکیل یا تقسیم کا فیصلہ اسمبلیوں نے کرنا ہے، سندھ اسمبلی اپنا حتمی فیصلہ دے چکی ہے اور سندھ کی تقسیم کسی صورت قبول نہیں، مرتے دم تک یہی موقف رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری لاجک کی بات کرتے ہیں، اگر کسی نے کوئی بحث کرنی ہے تو پارلیمنٹ میں کرے، سڑک اور ٹاک شوز پر نہیں، فیصلہ تو پارلیمنٹ نے کرنا ہے، قانون سڑکوں اور ٹاک شوز میں نہیں بنتا۔
بلاول بھٹو زرداری نے واضح کیا ہے کہ پیپلز پارٹی نے کبھی تشدد کی بات نہیں کی، جن شہروں کا نام بلاول بھٹو نے لیا، وہاں ماضی میں تشدد کے واقعات ہوتے رہے اور یہ تشدد الطاف حسین اور ان کے قریبی ساتھیوں نے کیا۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ آئین کے مطابق صوبے سے متعلق متعلقہ صوبائی اسمبلی کا فیصلہ حتمی حیثیت رکھتا ہے، ہم پنجاب میں بھی وہی موقف اختیار کر رہے ہیں جو سندھ میں رکھتے ہیں، اگر پنجاب اسمبلی یہ فیصلہ کرتی ہے کہ اسے نئے صوبے قبول نہیں تو ہمیں بھی یہ فیصلہ قبول ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی دس مرتبہ قرارداد منظور کر چکی ہے کہ صوبے کو نئے صوبوں کی ضرورت نہیں، چیئرمین بلاول بھٹو کا بھی واضح موقف ہے کہ کسی کو کسی فیصلے پر بحث کرنی ہے تو پارلیمنٹ میں کرے، قانون میں تبدیلی پارلیمنٹ کے ذریعے ہونی چاہیے، ٹاک شوز میں نہیں۔
سینئر وزیر نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی بدولت آج ہم اس اسمبلی میں بیٹھے ہیں، شہید بھٹو، شہید بے نظیر بھٹو اور چیئرمین بلاول بھٹو نے پاکستان کو مضبوط بنانے کے لیے کام کیا ہے۔
شرجیل انعام میمن نے سندھ میں بدانتظامی کے الزامات کو پروپیگنڈا قرار دیتے ہوئے کہا کہ پورے پاکستان سے لوگ علاج کے لیے سندھ آتے ہیں، آج پاکستان کو تھر کے کوئلے سے بجلی فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ سندھ میں دنیا کی تاریخ کا سب سے بڑا منصوبہ بھی جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کی تاریخ میں اگر کوئی سب سے بڑا رہائشی منصوبہ ہے تو وہ سندھ حکومت بنا رہی ہے۔ کراچی کی تباہی ایم کیو ایم اور بانی ایم کیو ایم نے کی، اگر انہوں نے سچ میں کراچی کی خدمت کی ہوتی تو یہ چور دروازے سے نہ آتے۔






