جنوبی افریقی کرکٹ میں چاڈ لیکاک نے ناقابل یقین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی میچ کے ایک اوور میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے بولر کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔
19 سالہ بولر نے منگل کو پیٹرمارٹزبرگ میں سی ایس اے پرو ٹوئنٹی کپ کے دوران کے زیڈ این ان لینڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے ٹائٹنز کے خلاف یہ کارنامہ انجام دیا۔
انہوں نے مجموعی طور پر 26 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں جو اس ٹورنامنٹ کی تاریخ کی بہترین بولنگ بھی ہے، اس سے قبل یہ ریکارڈ بیورن ہینڈرکس کے پاس تھا جنہوں نے 2014 میں 29 رنز دے کر 6 وکٹیں لی تھیں۔
لیکاک نے اننگز کے 19 ویں اوور میں پہلے لیوس ڈو پلائے کو آؤٹ کیا جس کے ایک گیند کے بعد اگلی چار گیندوں پر مزید چار کھلاڑیوں کو پویلین بھیج دیا، یوں انہوں نے مسلسل چار گیندوں پر چار وکٹیں لینے کا ریکارڈ بھی قائم کیا تاہم ان کی شاندار کارکردگی ٹیم کو فتح نہ دلا سکی۔






