سرکاری و نجی سکولوں کیلئے نئی ہدایات جاری

محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب نے سرکاری اور نجی اسکولوں کے لیے نئی ہدایات جاری کرتے ہوئے صوبے بھر کے تمام چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای اوز) کو ان پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دے دیا ہے۔

جاری کردہ مراسلے کے مطابق تمام سرکاری اور نجی اسکولوں میں صبح کی دعا باقاعدگی سے کرانے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ طلبہ میں حب الوطنی کے فروغ کے لیے بزمِ ادب سمیت مختلف غیر نصابی سرگرمیوں کو بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔

محکمہ اسکول ایجوکیشن نے طلبہ میں قومی یکجہتی، قومی شعور اور شہری ذمہ داری کے احساس کو اجاگر کرنے کے لیے خصوصی تقریبات اور آگاہی سرگرمیوں کے انعقاد کی ہدایت کی ہے۔ اس حوالے سے تمام اسکولوں میں “مرکۂ حق” کے موضوع پر آگاہی لیکچرز منعقد کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدامات نظرثانی شدہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے سلسلے میں کیے جا رہے ہیں، جبکہ تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ جاری کردہ احکامات پر مکمل عمل یقینی بنایا جائے۔

محکمہ اسکول ایجوکیشن کے مطابق ان ہدایات پر عملدرآمد کی نگرانی متعلقہ حکام کریں گے اور احکامات کی خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی کی جا سکتی ہے۔

close