ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے بجلی مزید مہنگی ہونے کا امکان ہے، کیونکہ سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے جون کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 1 روپے 20 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست نیپرا میں جمع کرا دی ہے۔
اس درخواست پر نیپرا کل سماعت کرے گا، جس کے بعد فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ سے متعلق حتمی فیصلہ جاری کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق اگر نیپرا درخواست منظور کر لیتا ہے تو حکومتی پالیسی گائیڈ لائنز کے تحت اس اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل مئی کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی 34 پیسے فی یونٹ مہنگی کی گئی تھی، جس کا اطلاق رواں ماہ کے بجلی کے بلوں میں کیا گیا۔
نیپرا کی سماعت کے بعد حتمی فیصلے کی روشنی میں بجلی کے نئے نرخوں سے متعلق باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔






