نجی اسکولوں کو گرمیوں کی چھٹیوں کے شیڈول پر سختی سے عمل درآمد کا دوبارہ حکم دے دیا گیا اور خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کا انتباہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزارتِ وفاقی تعلیم نے اسلام آباد کی حدود میں قائم تمام نجی تعلیمی اداروں کے لیے سال 2026ء کی گرمیوں کی چھٹیوں کے شیڈول پر سختی سے عمل درآمد کرانے کے لیے دوبارہ باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
یہ قدم وفاقی دارالحکومت میں بعض نجی اسکولوں کی جانب سے سرکاری احکامات کی واضح خلاف ورزی سامنے آنے کے بعد اٹھایا گیا ہے۔
وزارتِ تعلیم کے ماتحت کام کرنے والے ادارے ‘پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز ریگولیٹری اتھارٹی’ کی جانب سے جاری کردہ نئے اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ:
اسلام آباد میں تمام نجی تعلیمی ادارے 25 مئی سے 31 جولائی 2026ء تک گرمیوں کی چھٹیوں کے پہلے سے طے شدہ شیڈول پر سختی سے عمل کرنے کے پابند ہوں گے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ تمام نجی اسکولوں کے مالکان اور پرنسپلز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 21 مئی کو جاری ہونے والے سرکاری شیڈول کی روح کے مطابق اور بغیر کسی استثنیٰ کے تعمیل کو یقینی بنائیں۔
پیرا نے خلاف ورزی کرنے والے اسکولوں کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کسی بھی نجی تعلیمی ادارے نے ان احکامات کو ہوا میں اڑانے کی کوشش کی، تو ان کے خلاف اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کے ذریعے ‘پیرا ایکٹ 2013ء’ کی متعلقہ دفعات کے تحت سخت قانونی چارہ جوئی عمل میں لائی جائے گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل حکومتِ پنجاب کی جانب سے صوبے بھر کے تمام سرکاری و نجی اسکولوں میں 22 مئی سے 23 اگست 2026ء تک گرمیوں کی تعطیلات کا اعلان کیا جا چکا ہے، جہاں 24 اگست سے باقاعدہ کلاسز کا آغاز ہوگا۔
تاہم وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے لیے 31 جولائی تک ہی چھٹیاں برقرار رکھی گئی ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





