سرکاری اسپتالوں میں فائر الارم سسٹم نہ ہونےکا انکشاف

اسلام آباد کے پمز اسپتال میں آتشزدگی کے واقعے کے بعد کراچی کے بڑے سرکاری اسپتالوں میں بھی فائر سیفٹی کے ناقص انتظامات کا انکشاف ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق کے ایم سی کے عباسی شہید اسپتال میں صرف 13 فائر ایکسٹنگوشرز موجود ہیں، جبکہ فائر الارم سسٹم اور ہنگامی اخراج کے لیے مخصوص راستہ بھی موجود نہیں۔ اسپتال عملے کو فائر ڈرل اور فائر سیفٹی کی باقاعدہ تربیت بھی نہیں دی گئی۔

جناح اسپتال کے وارڈز میں فائر ایکسٹنگوشرز موجود ہیں تاہم متعدد غیر فعال ہیں۔ ذرائع کے مطابق اسپتال میں آخری فائر ڈرل 2017 میں ہوئی تھی اور فائر الارم سسٹم بھی نصب نہیں۔

جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر جناح اسپتال نے بتایا کہ فائر فائٹنگ ٹیم تشکیل دی جائے گی اور عملے کی مزید تربیت کے لیے سندھ حکومت کو خط لکھا جائے گا۔

دوسری جانب سول اسپتال میں 180 فائر ایکسٹنگوشرز موجود ہیں، تاہم ذرائع کے مطابق وہاں بھی فائر سیفٹی کے انتظامات تسلی بخش نہیں ہیں۔