لارڈز ٹیسٹ سے قبل انگلش بیٹرز کی خصوصی پریکٹس

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ جمعے سے لارڈز میں شروع ہوگا، جس سے قبل انگلش بیٹرز نے بائیں ہاتھ کے اسپنرز کے خلاف خصوصی پریکٹس کی۔

انگلینڈ ٹیم مینجمنٹ نے نیٹ سیشن کے لیے خاص طور پر بڑی تعداد میں بائیں ہاتھ سے اسپن بولنگ کرنے والے بولرز کو مدعو کیا، تاکہ بیٹرز دوسرے ٹیسٹ سے قبل اس انداز کی بولنگ کے خلاف بہتر تیاری کرسکیں۔

واضح رہے کہ ہیڈنگلے لیڈز میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کو صرف تین دن میں اننگز اور 103 رنز سے شکست دی تھی۔ انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 89.5 اوورز میں 409 رنز بنائے تھے۔

پاکستان کے 33 سالہ بائیں ہاتھ کے اسپنر علی عثمان نے پہلے ٹیسٹ میں 24 اوورز میں 95 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ وہاڑی سے تعلق رکھنے والے علی عثمان کی یہ ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی پانچ وکٹوں کی شاندار کارکردگی تھی۔