تباہ کن سیلاب، ہلاکتیں 95، سیکڑوں افراد لاپتا

تبت اور نیپال میں تباہ کن فلش فلڈ نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، سیلابی ریلوں کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 95 ہوگئی جبکہ 341 غیر ملکیوں سمیت سیکڑوں افراد لاپتا ہیں، جن کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

سیلابی ریلے میں کئی بجلی کے منصوبے، سیکڑوں مکانات، پل اور سڑکیں بہہ گئیں جبکہ چین اور نیپال کی سرحد پر قائم گیٹ بھی سیلابی پانی کی نذر ہوگیا۔

حکام کے مطابق لاپتا افراد میں 115 بھارتی اور 35 برطانوی شہری بھی شامل ہیں۔ سرحدی گزرگاہ کے قریب مٹی کا تودا گرنے سے بھی متعدد افراد کے لاپتا ہونے کی اطلاعات ہیں۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں برفانی تودہ حرکت میں آیا، جس کے باعث برفانی جھیل ٹوٹ گئی اور اچانک پانی کے اخراج سے شدید سیلاب آگیا۔

سیلاب سے تیمورے بازار اور رسووا کے علاقوں میں بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔ صورتحال کے پیش نظر پانچ اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جبکہ شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

امدادی کارروائیوں میں 15 ہیلی کاپٹرز اور سیکڑوں اہلکار حصہ لے رہے ہیں، جبکہ لاپتا افراد کی تلاش اور متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔