وزیر اعظم نے وفاقی سیکریٹری صحت کو عہدے سے ہٹا دیا

پمز اسپتال میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعے کے بعد نومولود بچوں کی ہلاکت کے معاملے پر وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔

اجلاس کے دوران وزیرِ اعظم نے متعلقہ افسران پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور وفاقی سیکریٹری صحت اسلم غوری کو فوری طور پر معطل کرکے عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا۔

وزیرِ اعظم نے سانحے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دے دی۔ سابق سیکریٹری داخلہ شاہد خان کو کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈاکٹر بیرسٹر نویل اعوان سمیت دیگر حکام کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔

یاد رہے کہ اسلام آباد کے پمز اسپتال کے گائنی وارڈ کی نرسری میں صبح آتشزدگی کے باعث 15 نومولود بچے جاں بحق ہوگئے تھے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق نرسری میں صبح 6 بج کر 45 منٹ پر ایئر کنڈیشنر کے کمپریسر میں دھماکے کے بعد آگ لگی، جس پر قابو پالیا گیا۔

اسپتال حکام کے مطابق آگ لگنے کے وقت نرسری میں 16 نومولود موجود تھے، جن میں سے ایک بچے کو لیڈی ڈاکٹر نے بچا لیا جبکہ 15 بچے جانبر نہ ہوسکے۔