اسٹیٹ بینک کا 10 روپے کے کرنسی نوٹ کو ختم کرنے پرغور

اسلام آباد: ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر عنایت حسین نے کہا ہے کہ 10 روپے کا کرنسی نوٹ ختم کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں نئے کرنسی نوٹوں سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے ڈپٹی گورنر نے بتایا کہ اس سے قبل بھی دو مرتبہ 10 روپے کا نوٹ ختم کرنے کی کوشش کی جا چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 10 روپے کے نوٹ کی تیاری کی لاگت بڑھ گئی ہے، اسی بنیاد پر اسے ختم کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ نئے کرنسی نوٹ جاری کیے گئے تو 10 روپے کا نوٹ ختم کیا جا سکتا ہے۔

اسٹیٹ بینک حکام کے مطابق موجودہ کرنسی نوٹ 2005 سے چھپ رہے ہیں اور اب نئے سیکیورٹی فیچرز کے ساتھ کرنسی نوٹ متعارف کرانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔

اجلاس میں نئے نوٹوں کے ڈیزائن اور کنسلٹنٹ کی خدمات سے متعلق بھی سوالات اٹھائے گئے۔ قائمہ کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے بڈنگ کے بغیر ڈیزائن کا معاہدہ کنسلٹنٹ کی کمپنی سے کرنے پر تحفظات کا اظہار کیا۔

حکام نے بتایا کہ نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کابینہ کی ذیلی کمیٹی کے زیر غور ہیں اور تبدیلیوں کے بعد ہی نئے نوٹ مارکیٹ میں لائے جا سکیں گے۔