اسلام آباد: بھارت میں پاکستانی نیٹ فلکس سیریز پر پابندی کے مطالبے پر احسن اقبال کا سخت ردعمل، سوشل میڈیا پر #GrowUpIndia ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے بھارت میں پاکستانی نیٹ فلکس سیریز پر پابندی عائد کرنے کے مطالبات پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی سنسرشپ کے مطالبات کو یکسر مسترد کر دیا ہے، جس کے بعد سوشل میڈیا پر ہیش ٹیگ #GrowUpIndia ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر جاری اپنے پیغام میں وفاقی وزیر احسن اقبال نے کرکٹ میچ کو سیاسی خطرہ اور ڈرامے کو سلامتی کا مسئلہ بنانے کے بھارتی رویے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ فن اور کھیل کو سیاست کی بھینٹ نہ چڑھایا جائے، اور فن و تفریح کو سیاسی رکاوٹوں سے مکمل آزاد رکھا جائے۔
احسن اقبال نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ علاقائی پابندیوں کے باوجود پاکستانی فن و ثقافت کو دنیا بھر تک پہنچانے کا عمل جاری رہے گا۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کسی بھی قسم کی پابندیوں سے قطع نظر پاکستانی کہانیاں اور ٹیلنٹ دنیا کے سامنے لانے کے لیے حکومت اور فنکار پرعزم ہیں۔
دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی بھارتی سنسرشپ کے مطالبات پر شدید ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے اور فن و تفریح کو سیاسی رکاوٹوں سے آزاد رکھنے کے احسن اقبال کے مؤقف کی بھرپور حمایت کی جا رہی ہے۔






