عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ چل بسیں

عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ ڈولی پارٹن 80 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔

ڈولی پارٹن کی ٹیم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ان کی میراث محبت، ہمدردی اور ثابت قدمی پر مبنی ہے۔ چھ دہائیوں پر محیط کیریئر میں انہوں نے دنیا بھر میں 10 کروڑ سے زائد ریکارڈز فروخت کیے اور 3 ہزار سے زیادہ گیت تحریر کیے۔

ڈولی پارٹن کی وفات کی خبر پر دنیا بھر کے مداح غمزدہ ہیں۔ موسیقی اور شوبز کی کئی نامور شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا۔ سر پال میک کارٹنی نے کہا کہ ڈولی کے بغیر دنیا کا تصور کرنا مشکل ہے، اوپرا ونفری نے کہا کہ ڈولی کی موجودگی نے ہم سب کو بہتر بنایا، جبکہ سر ایلٹن جان نے ان کی موت کو ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا۔

ڈولی پارٹن نے موسیقی کے ساتھ ساتھ فلمی دنیا میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور گلاسٹنبری فیسٹیول سمیت بڑے عالمی اسٹیجز پر پرفارم کر کے شائقین کے دل جیتے۔ وہ کنٹری میوزک کی ان شخصیات میں شامل تھیں جنہوں نے اپنی منفرد شخصیت، بے باک انداز اور لازوال موسیقی کے ذریعے چھ دہائیوں تک عالمی سطح پر اپنی پہچان برقرار رکھی۔