ایک مرتبہ چارج اور لمبا سفر ،سوزوکی نے اپنی پہلی سستی الیکٹرک کی کار پیش کردی

جاپانی آٹو موبائل کمپنی سوزوکی نے شہری سفر کو ماحول دوست اور کم خرچ بنانے کے لیے اپنی پہلی الیکٹرک ‘کی کار’ ای سکائی کا عالمی سطح پر تعارف کرا دیا ہے۔

26 کلوواٹ گھنٹہ کی لیتھیم آئرن فاسفیٹ بیٹری سے لیس یہ گاڑی ایک بار چارج پر 310 کلومیٹر کی رینج دیتی ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ کم وزن اور کم خرچ گاڑی نومبر سے پہلے جاپان میں فروخت کے لیے پیش کی جائے گی اور بعد میں اسے عالمی منڈیوں میں بھی لانے کا امکان ہے۔ سوزوکی نے ای سکائی کو توانائی کی بچت اور ہلکے وزن کے اصولوں پر تیار کیا ہے۔ یہ گاڑی 1 کلوواٹ فی گھنٹہ بجلی میں تقریباً 12 کلومیٹر سفر کرتی ہے جو اسے چھوٹی الیکٹرک گاڑیوں میں سب سے زیادہ کم خرچ بناتا ہے۔

گاڑی کی لمبائی 3,395 ملی میٹر، چوڑائی 1,475 ملی میٹر اور اونچائی 1,625 ملی میٹر ہے تاکہ یہ جاپان کی روایتی کی کار کی قانونی حدود میں رہے۔ حریفوں کی اونچی برقی گاڑیوں کے برعکس سوزوکی نے اس کی چھت نسبتاً کم رکھی ہے اور ڈیزائن بین الاقوامی مارکیٹ کو مدنظر رکھ کر کیا ہے۔ گاڑی میں سوزوکی کا پہلا ان ہاؤس ای ایکسل ڈرائیو سسٹم نصب ہے اور بیٹری کو فرش کے نیچے رکھا گیا ہے تاکہ ایروڈائنامکس اور توازن بہتر ہو۔

چارجنگ کے حوالے سے ای سکائی 50 کلوواٹ ڈی سی فاسٹ چارجنگ سپورٹ کرتی ہے جس سے بیٹری 25 منٹ میں 80 فیصد تک چارج ہو جاتی ہے۔ گھر پر 3 کلوواٹ اے سی چارجر سے مکمل چارج میں 8 گھنٹے اور 6 کلوواٹ چارجر سے ساڑھے 4 گھنٹے لگتے ہیں۔ گاڑی میں ہیٹ پمپ، ون پیڈل ڈرائیونگ اور بائی ڈائریکشنل چارجنگ جیسے فیچرز بھی شامل ہیں۔

اندر کیبن میں 10.1 انچ کا ٹچ اسکرین انفوٹینمنٹ سسٹم، ڈیجیٹل انسٹرومنٹ کلسٹر، ہیٹڈ اسٹیئرنگ ویل اور الیکٹرانک پارکنگ بریک دی گئی ہے۔ کمپنی نے ابھی قیمت کا اعلان نہیں کیا لیکن کہا ہے کہ ترجیح اسے سستا اور عوام دوست رکھنا ہے۔

ماہرین کے مطابق بھاری بیٹریوں اور مہنگی الیکٹرک گاڑیوں کے دور میں 310 کلومیٹر رینج والی سستی ای سکائی روزمرہ کے صارفین کے لیے گیم چینجر ثابت ہو سکتی ہے۔