پمز سانحہ، پیپلز پارٹی کا وفاقی وزیر صحت سے استعفے کا مطالبہ

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی نے پمز اسپتال میں نومولود بچوں کی اموات کے واقعے پر وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کے استعفے کا مطالبہ کردیا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 14 نومولود بچوں کی موت انسانی تاریخ کا بدترین سانحہ ہے، بچوں کے والدین انصاف کے طلب گار ہیں اور مائیں اپنے بچوں کو غفلت کا شکار ہونے کے لیے 9 ماہ کوکھ میں نہیں رکھتیں۔

پیپلز پارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمان نے پمز اسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فائر ٹینکس میں پانی موجود نہیں تھا، ڈاکٹرز کی کمی تھی اور گیٹ بند تھے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی یہاں سیاست کرنے نہیں آئی، تاہم واقعے کے ذمہ داروں سے سوال کرنا ان کی ذمہ داری ہے، وفاقی وزیر صحت کو خود استعفیٰ دینا چاہیے۔

نیئر بخاری نے کہا کہ صرف ایک سیکریٹری کو عہدے سے ہٹانا کافی نہیں، وزارت صحت کو واقعے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے جواب دینا ہوگا کہ پمز میں یہ سانحہ کیوں پیش آیا۔

ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے کہا کہ پمز اسپتال میں 15 معصوم بچوں کی اموات محض حادثہ نہیں بلکہ وفاقی نظام صحت کی سنگین ناکامی اور انتظامی غفلت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی وزیر صحت اس ناکامی کی ذمہ داری قبول کریں۔