معروف فلمساز و ہدایتکار انتقال کر گئے ، انڈسٹری سوگوار

معروف بھارتی فلمساز اور ہدایت کار کوکو کوہلی 77 برس کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کوکو کوہلی نے اجے دیوگن کو فلمی دنیا میں متعارف کرایا تھا۔ ان کی ہدایت کاری میں بننے والی پہلی فلم ’پھول اور کانٹے‘ تھی، جس نے باکس آفس پر بڑی کامیابی حاصل کی۔

فلمساز کے قریبی دوست اور پروڈیوسر اشوک پنڈت نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کوکو کوہلی بظاہر کسی بیماری میں مبتلا نہیں تھے، تاہم انہیں اچانک شدید نوعیت کا دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔

کوکو کوہلی کئی دہائیوں تک ہندی فلم انڈسٹری سے وابستہ رہے۔ ان کی دیگر معروف فلموں میں ’حقیقت‘، ’ظلمی‘، ’اناڑی نمبر 1‘ اور ’یہ دل عاشقانہ‘ شامل ہیں۔ بطور ہدایتکار ان کی آخری فلم ’وہ تیرا نام تھا‘ تھی، جو 2004 میں ریلیز ہوئی۔