قومی کرکٹ ٹیم کے آئندہ سال دورہ انگلینڈ کا امکان

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے آئندہ سال دورۂ انگلینڈ کے امکانات روشن ہو گئے ہیں، جبکہ دونوں کرکٹ بورڈز کے درمیان مجوزہ سیریز کے حوالے سے ابتدائی بات چیت کا آغاز ہو گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق آئی سی سی فیوچر ٹور پروگرام 2023-2027 کے تحت پاکستان کی آخری باقاعدہ سیریز مارچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل ہوگی، جبکہ نئے فیوچر ٹور پروگرام کی تیاری کے سلسلے میں مختلف کرکٹ بورڈز کے درمیان مشاورت جاری ہے۔

رپورٹ کے مطابق آئی سی سی کی رواں ماہ اسکاٹ لینڈ میں ہونے والی میٹنگ کے دوران نئے شیڈول پر مزید تبادلہ خیال متوقع ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ورلڈ کپ 2027 کی تیاریوں کے لیے آئندہ برس انگلینڈ میں پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچز کھیلنے کا منصوبہ بنایا ہے، جبکہ مجوزہ سیریز میں ایک ٹیسٹ میچ بھی شامل کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ تاہم اس حوالے سے معاملات کو ابھی حتمی شکل نہیں دی گئی۔

آئی سی سی ورلڈ کپ 2027 چار اکتوبر سے 21 نومبر تک جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا کی مشترکہ میزبانی میں کھیلا جائے گا۔

رواں سال 24 ستمبر سے 3 اکتوبر تک پاکستانی ٹی ٹوئنٹی ٹیم جاپان میں ہونے والے ایشین گیمز کے کرکٹ ایونٹ میں شرکت کرے گی۔

اکتوبر میں پاکستان، سری لنکا کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی میزبانی کرے گا، جبکہ انگلینڈ کی شمولیت سے سہ فریقی سیریز بھی شیڈول ہے۔

نومبر میں سری لنکا دو ٹیسٹ میچز کے لیے پاکستان آئے گا، جبکہ آئرلینڈ کے خلاف بھی ایک ٹیسٹ میچ کھیلا جائے گا۔ زمبابوے کی شمولیت سے ایک اور سہ فریقی سیریز بھی مجوزہ پروگرام کا حصہ ہے۔

دریں اثنا پاکستان ٹیم رواں ماہ ویسٹ انڈیز میں دو ٹیسٹ میچز کھیلنے کے بعد انگلینڈ کا رخ کرے گی، جہاں تین ٹیسٹ میچز کی سیریز شیڈول ہے۔

ون ڈے ایشیا کپ کی مجوزہ تاریخیں 18 جون سے 4 جولائی مقرر کی گئی ہیں، جس کی میزبانی بنگلادیش کرے گا۔ ایونٹ میں پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلادیش، افغانستان اور ایک ایسوسی ایٹ ٹیم سمیت چھ ٹیمیں شرکت کریں گی، جبکہ مجموعی طور پر 13 میچز کھیلے جائیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close