بھارت کو چیمپئن بنا کر ہی رخصت ہوں گا! ویرات کوہلی

نئی دہلی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بیٹر ویرات کوہلی نے اعلان کیا ہے کہ 2027 کا ورلڈ کپ ان کے بین الاقوامی کرکٹ کیریئر کا آخری ٹورنامنٹ ہوگا اور وہ اسے یادگار بنانا چاہتے ہیں۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ویرات کوہلی نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے آخری ورلڈ کپ میں بھارت کو عالمی چیمپئن بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے کو تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 50 اوورز کا ورلڈ کپ جسمانی اور ذہنی طور پر کرکٹ کے مشکل ترین مقابلوں میں شامل ہے۔

بھارتی کرکٹر نے کہا کہ ایک ہی دن میں طویل وقت تک ٹی 20 جیسی شدت برقرار رکھنا، خصوصاً غیر ملکی کنڈیشنز میں، کھلاڑیوں کے لیے بڑا چیلنج ہوتا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2027 کا ورلڈ کپ جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا کی مشترکہ میزبانی میں اکتوبر اور نومبر میں کھیلا جائے گا، جو ویرات کوہلی کے کیریئر کا پانچواں ون ڈے ورلڈ کپ ہوگا۔

واضح رہے کہ ویرات کوہلی 2011 میں بھارت کی ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کا حصہ تھے، تاہم 2023 کے ورلڈ کپ کے فائنل میں بھارت کو آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

37 سالہ بھارتی کرکٹر ٹیسٹ اور ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ سے پہلے ہی ریٹائر ہو چکے ہیں اور اب صرف ون ڈے فارمیٹ میں بھارت کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ ویرات کوہلی کے پاس 15 ہزار ون ڈے رنز مکمل کرنے والے دنیا کے دوسرے اور تیز ترین بیٹر ہونے کا اعزاز بھی موجود ہے۔