محسن نقوی کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں خوارجی دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

اپنے بیان میں محسن نقوی نے کارروائی کے دوران 4 خوارجیوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ فورسز نے دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ عزمِ استحکام کے تحت خیبرپختونخوا میں خوارجیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔

محسن نقوی نے کہا کہ دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، جبکہ ملک میں امن و استحکام کے لیے دہشتگرد عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں ناگزیر ہیں۔