لندن: دنیا بھر میں بے صبری سے انتظار کیے جانے والے ویڈیو گیم Grand Theft Auto VI کو ایک خوش قسمت گیمر نے محض 2.12 ڈالر میں پری آرڈر کر کے سب کو حیران کر دیا۔
رپورٹس کے مطابق 79.99 ڈالر مالیت کے GTA 6 اسٹینڈرڈ ایڈیشن پر اس صارف نے 77.87 ڈالر کی بچت کی، جو تقریباً 97 فیصد رعایت کے برابر ہے۔
یہ دلچسپ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ریڈٹ صارف ٹینگی ریڈ ایپل نے بتایا کہ چند ماہ قبل اس نے PlayStation 5 Pro خریدتے وقت اسٹور کا کریڈٹ کارڈ استعمال کیا تھا، جس کے بدلے میں اسے کیش بیک ریوارڈز اور ریوارڈ سرٹیفکیٹس ملے، تاہم وہ انہیں استعمال کرنا بھول گیا تھا۔
جب GTA 6 کی پری آرڈر بکنگ شروع ہوئی تو اس نے اپنا اکاؤنٹ چیک کیا، جہاں موجود ریوارڈ سرٹیفکیٹس نے گیم کی زیادہ تر قیمت ادا کر دی۔ بعد ازاں اس نے 10 فیصد اضافی ڈسکاؤنٹ کوپن بھی استعمال کیا، جس کے بعد اسے گیم صرف 2.12 ڈالر میں مل گئی۔
گیمر نے دیگر صارفین کو بھی مشورہ دیا کہ نئی گیم خریدنے سے قبل اپنے کریڈٹ کارڈ ریوارڈز، اسٹور لائلٹی پروگرامز اور کیش بیک بیلنس ضرور چیک کریں، کیونکہ بعض اوقات پہلے سے موجود رعایتیں بڑی بچت کا باعث بن سکتی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق صرف یہی صارف نہیں بلکہ متعدد Xbox Series X اور Xbox Series S صارفین بھی مائیکروسافٹ کے ریوارڈ پروگرام کے ذریعے پوائنٹس جمع کر کے GTA 6 کی قیمت کم کر رہے ہیں۔ بعض گیمرز نے تو مختلف سروسز، خصوصاً Bing پر سرگرمیوں کے ذریعے اتنے پوائنٹس حاصل کر لیے کہ وہ 99.99 ڈالر مالیت والا الٹیمیٹ ایڈیشن بھی مفت حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے، اگرچہ اس کے لیے کافی وقت درکار ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ راک اسٹار گیمز نے GTA 6 کے اسٹینڈرڈ ایڈیشن کی قیمت 79.99 ڈالر جبکہ الٹیمیٹ ایڈیشن کی قیمت 99.99 ڈالر مقرر کی ہے۔ گیم PlayStation 5 اور Xbox Series X|S کے لیے پری آرڈر کی جا سکتی ہے، جبکہ اس کی باضابطہ ریلیز 19 نومبر 2026 کو ہوگی۔ صارفین 12 نومبر سے گیم پری لوڈ بھی کر سکیں گے۔
رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ 2.12 ڈالر میں گیم حاصل کرنا کوئی عام رعایتی آفر نہیں تھی بلکہ یہ اس صارف کے پہلے سے موجود ریوارڈز، سرٹیفکیٹس اور ڈسکاؤنٹ کوپن کے بروقت استعمال کا نتیجہ تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






