اسکول کرکٹ قومی کرکٹ کی بنیاد ہے، محسن نقوی

لاہور (آن لائن) چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اسکول کرکٹ کو قومی کرکٹ کی بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بھر کے 1400 اسکولز اسکول ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا حصہ بن گئے ہیں۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ رواں سال 21 ہزار طلبہ اسکول ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں شریک ہوں گے، جبکہ پروگرام کے دوران 2900 میچز کھیلے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 1400 اسکولز میں سے 50 بہترین ٹیموں کو پی سی بی اپنائے گا، جبکہ منتخب اسکولز کے کھلاڑیوں کی تربیت اور غذائیت پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ 21 ہزار بچوں کی انفرادی کارکردگی بھی مانیٹر کی جائے گی، جبکہ اسکول کرکٹ کے لیے الگ ڈائریکٹر مقرر کرنے کی تجویز ہے۔ ہم اسکول کرکٹ کو سالانہ نہیں بلکہ مستقل ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام بنانا چاہتے ہیں۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اسکول کرکٹ پروگرام میں گوادر، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان بھی شامل ہیں۔ پی سی بی کی اکیڈمی میں تقریباً 25 بچوں پر کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسکولز کی تعداد 1400 سے بڑھا کر 2000 تک لے جانے کا ہدف ہے، جبکہ طویل المدتی ہدف اسکول کرکٹ کو 3000 سے 5000 اسکولز تک پہنچانا ہے۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، مسئلہ سہولیات اور رسائی کا ہے۔ اسکول کرکٹ کی کوریج سے دور دراز علاقوں کا ٹیلنٹ سامنے آئے گا۔

محسن نقوی نے بتایا کہ پی سی بی کے تقریباً 70 گراؤنڈز دوبارہ بورڈ کے پاس آچکے ہیں۔ حیدرآباد اسٹیڈیم کی بحالی کے لیے سندھ حکومت سے کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسکول کرکٹ کی کامیابی پی سی بی اور صوبائی حکومتوں کی مشترکہ کوشش سے ممکن ہے۔