لاہور: نئے مالی سال 2026-27 کا فنانس ایکٹ یکم جولائی سے نافذ ہو چکا ہے، تاہم پرائز بانڈ ہولڈرز کے لیے خوش آئند خبر یہ ہے کہ حکومت نے انعامی رقم پر عائد ٹیکس کی شرح میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔
نئے فنانس ایکٹ کے مطابق رواں مالی سال میں بھی پرائز بانڈ کی انعامی رقم پر فائلرز سے 15 فیصد جبکہ نان فائلرز سے 30 فیصد ٹیکس وصول کیا جائے گا۔
اس طرح انعام جیتنے والے افراد کو گزشتہ مالی سال کے مطابق ہی ٹیکس ادا کرنا ہوگا اور اس حوالے سے کوئی اضافی مالی بوجھ عائد نہیں کیا گیا۔
دریں اثنا 750 روپے مالیت کے پرائز بانڈ کی 107ویں قرعہ اندازی 15 جولائی 2026 کو لاہور میں منعقد ہوگی۔
قرعہ اندازی میں پہلا انعام 15 لاکھ روپے ہوگا، جبکہ تین خوش نصیب افراد کو 5، 5 لاکھ روپے کے دوسرے انعامات دیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ سینکڑوں کامیاب افراد کو 9 ہزار 300 روپے کے تیسرے انعامات بھی ملیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں بڑی تعداد ایسے افراد کی ہے جو سود سے اجتناب کرتے ہوئے اپنی بچت پرائز بانڈز میں سرمایہ کاری کرتے ہیں۔ اس اسکیم کے تحت سرمایہ محفوظ رہتا ہے اور ہر تین ماہ بعد قرعہ اندازی کے ذریعے نقد انعامات جیتنے کا موقع بھی ملتا ہے۔
اس وقت قومی بچت کے 100، 200، 750، 1500، 7500، 15 ہزار، 25 ہزار اور 40 ہزار روپے مالیت کے پرائز بانڈز دستیاب ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






