ملازمین کے بچوں کے لیے بڑا فیصلہ، زیرِ التوا کوٹہ کیسز کی تفصیلات طلب

پشاور: پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) نے دورانِ ملازمت وفات پانے والے اور لائن ڈیوٹی کے دوران کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہونے والے ملازمین کے بچوں کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے زیرِ التوا کوٹہ کیسز پر دوبارہ غور کرنے کا اعلان کر دیا۔

پیسکو انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سپریم کورٹ کے 18 اکتوبر 2024 کے فیصلے سے قبل کے تمام زیرِ التوا کوٹہ کیسز کا ازسرِنو جائزہ لیا جائے گا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ وفاقی آئینی عدالت کی وضاحت کی روشنی میں تمام کیسز کی تفصیلی جانچ کی جائے گی، جس کے بعد اہل امیدواروں کے انٹرویوز کے لیے چھان بین کا عمل شروع کیا جائے گا۔

پیسکو ہیڈ آفس نے تمام فیلڈ دفاتر کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اپنے زیرِ التوا کیسز کی مکمل تفصیلات اور متعلقہ دستاویزات فوری طور پر جمع کرائیں۔

انتظامیہ کے مطابق تمام مطلوبہ معلومات 30 جولائی تک خصوصی میسنجر کے ذریعے ہیڈ آفس پہنچنا لازمی ہیں۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ مقررہ تاریخ کے بعد موصول ہونے والے کسی بھی نئے دعوے یا کیس پر غور نہیں کیا جائے گا، لہٰذا تمام دفاتر کو بروقت رپورٹ ارسال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close