اسلام آباد: ای سی پی نے 2015 کے قانون کے تحت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا عندیہ دیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق کیس کی سماعت 21 اکتوبر 2026 کو مقرر کرتے ہوئے سیکرٹری وزارت داخلہ اور چیف کمشنر اسلام آباد کو نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں کمیشن کے ارکان، سیکرٹری الیکشن کمیشن اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی، اجلاس میں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں حلقہ بندیوں کا عمل 21 جولائی 2026 کو شروع کیا گیا تھا جو مکمل ہو چکا ہے جبکہ حتمی فہرستیں آج شائع کر دی گئی ہیں۔
اعلامیے کے مطابق الیکشن کمیشن نے اسلام آباد لوکل گورنمنٹ رولز سے متعلق اپنی تجاویز 20 جولائی 2026 کو وزارت داخلہ کو بھجوا دی تھیں تاکہ سفارشات کے مطابق قانون سازی کر کے قواعد شائع کیے جا سکیں۔
اس سلسلے میں ضروری قانون سازی کی منظوری متعلقہ قائمہ کمیٹی نے 3 ستمبر 2026 کو دی تاہم قانون سازی مکمل ہونے سے پہلے ہی 6 ستمبر 2026 کو اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ترمیمی آرڈیننس 2026 کی مدت ختم ہو گئی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق آرڈیننس کی میعاد ختم ہونے کے بعد وزارت قانون و انصاف نے مسودہ قواعد وزارت داخلہ کو واپس کر دیا کیونکہ آرڈیننس کے تحت قواعد بنانے والی اتھارٹی موجود نہیں رہی تھی۔
اس صورتحال کے پیش نظر کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق معاملہ باقاعدہ سماعت کے لیے مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سیکرٹری وزارت داخلہ اور چیف کمشنر اسلام آباد کو نوٹس جاری کر کے معاونت طلب کی جائے گی کہ ترمیمی آرڈیننس کی مدت ختم ہونے اور وفاقی حکومت کی جانب سے قانون سازی نہ کیے جانے کے باعث کیوں نہ اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015 کے تحت انتخابات کرائے جائیں۔






