نجی اسکولوں کی نمائندہ تنظیم نے پنجاب حکومت سے گرمیوں کی تعطیلات کا دورانیہ کم کرنے اور تعلیمی ادارے مقررہ تاریخ سے پہلے کھولنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
پرائیویٹ اسکول سلوشنز آف پاکستان کے صدر ملک عبدالصمد کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں نجی تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل، حکومتی پابندیوں اور تعلیمی سرگرمیوں کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں تنظیم نے پنجاب حکومت سے درخواست کی کہ موجودہ شیڈول کے مطابق 24 اگست 2026 کو اسکول کھولنے کے بجائے انہیں 3 اگست 2026 سے تعلیمی سرگرمیاں شروع کرنے کی اجازت دی جائے۔
شرکاء کا مؤقف تھا کہ اسکول جلد کھولنے سے طلبہ کے تعلیمی نقصان کا ازالہ ہو سکے گا اور ادارے بغیر مزید تاخیر کے نصاب مکمل کرنے اور تدریسی عمل جاری رکھنے کے قابل ہوں گے۔
اجلاس میں ملک عبدالصمد نے تمام غیر رجسٹرڈ نجی اسکولوں کو بھی ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر اپنی رجسٹریشن مکمل کریں، کیونکہ قانونی تقاضے پورے کرنے والے ادارے ہی مستقل بنیادوں پر تعلیمی خدمات جاری رکھ سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے سرکاری اور نجی اسکولوں و کالجوں کے لیے 22 مئی 2026 سے 23 اگست 2026 تک موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کیا تھا، جس کے تحت تمام تعلیمی اداروں کو پیر 24 اگست 2026 کو دوبارہ کھلنا ہے۔






