کے الیکٹرک نے صارفین کی سہولت اور وقت کی بچت کے لیے بجلی کے بلوں کی ادائیگی کا نیا طریقہ متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت اب صارفین نقد رقم کے بغیر بھی اپنے بل آسانی سے ادا کر سکیں گے۔
کمپنی کے مطابق صارفین منتخب کسٹمر کیئر سینٹرز پر جا کر پی او ایس (POS) مشین کے ذریعے اپنے بجلی کے بل ڈیبٹ یا کریڈٹ کارڈ سے فوری طور پر ادا کر سکتے ہیں۔
کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ اس نئی سہولت سے صارفین کو بل جمع کرانے کے لیے نقد رقم ساتھ رکھنے یا بینکوں اور دیگر ادائیگی مراکز پر طویل قطاروں میں انتظار کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
اس سروس کے تحت پے پاک (PayPak)، ماسٹر کارڈ (Mastercard)، ویزا (Visa) اور یونین پے (UnionPay) سمیت مختلف بینک کارڈز کے ذریعے ادائیگی کی جا سکے گی۔
کمپنی کے مطابق پی او ایس مشین کے ذریعے بل کی ادائیگی کا عمل تیز، محفوظ اور آسان ہوگا، جس سے صارفین کو جدید اور بہتر سہولیات فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
کے الیکٹرک نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل اور کیش فری ادائیگی کے فروغ کا مقصد صارفین کو آسان، شفاف اور بروقت خدمات فراہم کرنا ہے تاکہ بجلی کے بلوں کی ادائیگی کا عمل مزید سہل اور مؤثر بنایا جا سکے۔






