نیوزی لینڈ میں پہلی بار مہلک H5 برڈ فلو وائرس کا کیس سامنے آنے کے بعد حکام نے ملک بھر میں نگرانی اور احتیاطی اقدامات مزید سخت کر دیے ہیں۔
حکام کے مطابق دارالحکومت ویلنگٹن کے علاقے پیٹون بیچ پر مردہ حالت میں ملنے والے براؤن اسکوا نامی سمندری پرندے میں H5 وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جو نیوزی لینڈ میں اس وائرس کا پہلا ریکارڈ شدہ کیس ہے۔
نیوزی لینڈ کے بایو سیکیورٹی اور فوڈ سیفٹی کے وزیر اینڈریو ہوگارڈ نے کہا کہ وائرس صرف ایک سمندری پرندے میں پایا گیا ہے اور فی الحال جنگلی پرندوں میں بڑے پیمانے پر اموات یا وائرس کے وسیع پیمانے پر پھیلنے کے شواہد نہیں ملے۔ ان کے مطابق اب تک کسی بھی پولٹری فارم میں وائرس کی موجودگی سامنے نہیں آئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ عام شہریوں کے لیے H5 برڈ فلو کا خطرہ انتہائی کم ہے، کیونکہ یہ وائرس شاذ و نادر ہی انسانوں کو متاثر کرتا ہے اور اس کے لیے متاثرہ پرندوں سے براہِ راست، قریبی اور طویل رابطہ ضروری ہوتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ انڈے اور مرغی کا گوشت استعمال کرنا محفوظ ہے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بیمار یا مردہ پرندوں کو ہاتھ نہ لگائیں، جبکہ اگر کسی ایک مقام پر تین یا اس سے زیادہ مردہ یا بیمار پرندے نظر آئیں تو فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دیں۔
دوسری جانب نیوزی لینڈ کے محکمہ تحفظ ماحولیات نے احتیاطی اقدام کے طور پر ملک کی نایاب پرندوں کی نسلوں، جن میں کاکاپو اور تاکاہے شامل ہیں، کے تقریباً 300 افزائشی پرندوں کی ویکسینیشن شروع کر دی ہے تاکہ انہیں ممکنہ وبا سے محفوظ رکھا جا سکے۔
ماہرین کے مطابق H5 برڈ فلو وائرس 2021 سے دنیا بھر میں جنگلی پرندوں اور مختلف ممالیہ جانوروں میں پھیل رہا ہے، جس کے نتیجے میں لاکھوں جانور ہلاک ہو چکے ہیں۔ اس وائرس نے متعدد پولٹری اور ڈیری فارمز کو بھی متاثر کیا ہے، جبکہ بعض فارم ورکرز میں بھی اس کی تصدیق ہو چکی ہے۔






