پاکستان نے سعودی عرب پر ہونے والے ڈرون حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انہیں خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور مملکت کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، امن اور خوشحالی کے لیے اپنی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے مسلسل کوششیں کرتا رہا ہے اور مستقبل میں بھی اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان ہر اس اقدام کی مخالفت کرتا ہے جو خطے کے امن کو نقصان پہنچائے یا علاقائی استحکام کے لیے خطرات پیدا کرے، اور تمام فریقوں پر زور دیتا ہے کہ وہ کشیدگی میں اضافے سے گریز کرتے ہوئے امن و استحکام کے فروغ کے لیے تعاون کریں۔






