گندم کی نقل و حرکت پر پابندیاں ختم، شہباز شریف سے اپیل

پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے درمیان گندم کی آزادانہ نقل و حمل کو فوری یقینی بنایا جائے تاکہ صوبے کو درپیش مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔

اپنے بیان میں گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ آئین پاکستان کے آرٹیکل 151(1) کے تحت ملک بھر میں آزاد اور منصفانہ تجارت کی ضمانت دی گئی ہے، اس لیے اس آئینی شق پر مکمل عملدرآمد ناگزیر ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ گندم کی بین الصوبائی نقل و حرکت پر کسی بھی قسم کی مصنوعی پابندیاں نہ صرف تشویشناک ہیں بلکہ یہ آئینی تقاضوں کے بھی منافی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی رکاوٹیں ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کو فروغ دیتی ہیں، جس سے مہنگائی میں اضافہ اور عوامی مشکلات مزید بڑھ جاتی ہیں۔

گورنر خیبرپختونخوا نے زور دیا کہ وفاق فوری اقدامات کرے تاکہ گندم کی ترسیل بلا رکاوٹ جاری رہے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close