کاروباری طبقے کیلئے بڑی خوشخبری تیار؟ حکومت اور تاجروں میں اہم پیشرفت

اسلام آباد: وزیرِ مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے تاجروں کو یقین دہانی کروائی ہے کہ آسان ٹیکس سکیم کے نفاذ سے متعلق وزیراعظم شہباز شریف تاجروں کی تجاویز پر سنجیدگی سے غور کریں گے۔

اسلام آباد میں مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے وفد نے صدر کاشف چوہدری کی قیادت میں وزیرِ مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی سے ملاقات کی، جس میں آئندہ بجٹ، ٹیکس نظام اور کاروباری مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے ریٹیل اور ہول سیل سیکٹر کیلئے قابلِ عمل تجاویز پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ تاجروں کیلئے آسان اور قابلِ فہم ٹیکس سکیم متعارف کروائی جائے تاکہ رضاکارانہ ٹیکس ادائیگی کو فروغ دیا جا سکے۔

تاجر رہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کاروباری طبقے کو درپیش رکاوٹیں ختم کی جائیں، انتظامی نظام آسان بنایا جائے اور ایسا ماحول فراہم کیا جائے جس سے تاجر اعتماد کے ساتھ ٹیکس نظام کا حصہ بن سکیں۔

وفد نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بجٹ سے قبل تاجروں سے مشاورت کے عمل کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کا یہ اقدام مشترکہ اور تعاون پر مبنی معاشی پالیسی کی طرف مثبت پیش رفت ہے۔

اس موقع پر بلال اظہر کیانی نے کہا کہ حکومت کاروباری برادری کے مسائل حل کرنے اور کاروبار دوست ماحول پیدا کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے ملکی معیشت، روزگار اور اقتصادی سرگرمیوں میں تاجروں کے کردار کو اہم قرار دیتے ہوئے یقین دلایا کہ تاجروں کی تمام تجاویز کا جائزہ لیا جائے گا۔

وزیرِ مملکت نے کہا کہ حکومت ریونیو بڑھانے کے ساتھ ساتھ تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے متوازن حکمتِ عملی اپنانا چاہتی ہے تاکہ معیشت کو مستحکم اور کاروباری شعبے کو مزید فعال بنایا جا سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close