چند ہزار روپے کیلئے معصوم بچے کا سودا

لاہور: لاہور پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے نومولود بچوں کی خرید و فروخت میں ملوث ایک گروہ کو گرفتار کر لیا، جبکہ معصوم بچے کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا۔

پولیس کے مطابق 15 پر موصول ہونے والی اطلاع پر ریس کورس پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چند گھنٹوں کے اندر جوڑے پل نارتھ کینٹ کے چنگڑ محلہ سے نومولود بچے کو بازیاب کرایا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان دانش، شہزاد اور دانش مسیح نہر کنارے پنکچر لگانے کا کام کرتے تھے اور نومولود بچے کو اغوا کر کے فروخت کرنے کیلئے لے جا رہے تھے۔

ایس پی سول لائنز چوہدری اثر علی کے مطابق تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ بچہ خریدنے والے افراد اسے گداگری کیلئے استعمال کرنا چاہتے تھے۔ پولیس نے اس معاملے میں ملوث مریم اور شہزاد کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں جبکہ نومولود بچے کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے کر دیا گیا ہے اور اس کے اصل ورثا کی تلاش جاری ہے۔

ایس پی سول لائنز نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او ہاشم رضا اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کی خرید و فروخت اور بھکاری مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close