دنیا بڑے بحران سے بچنے والی؟ وزیر دفاع کا چونکا دینے والا دعویٰ

سیالکوٹ: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا ایران کا حالیہ دورہ اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری تنازع کسی مثبت حل کی جانب بڑھ رہا ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کوششیں آہستہ آہستہ مثبت نتائج دے رہی ہیں اور امید ہے کہ ایران امریکا کشیدگی کے خاتمے میں پاکستان کا کردار کامیاب ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کو ایک بڑے بحران سے بچانے کیلئے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ خطے میں امن کا قیام نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کیلئے انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جلد حالات بہتر ہوں گے اور کشیدگی میں کمی آئے گی۔

معاشی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ مہنگائی ایک حقیقت ہے اور محدود آمدن والے طبقات سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ جنگی حالات نے معیشت پر منفی اثرات ڈالے ہیں، جس کے باعث معاشی بحالی کا عمل متاثر ہوا بلکہ کئی شعبوں میں الٹا دباؤ بڑھا ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ حکومت کو عام آدمی کی مشکلات کا مکمل احساس ہے اور یہ حقیقت نظر انداز نہیں کی جا سکتی کہ بہت سے لوگوں کیلئے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل بنتا جا رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close