دو چینی پانڈا 10 سالہ قیام کے لیے امریکا روانہ، چین کی ’پانڈا ڈپلومیسی‘ کیا ہے؟

*چین سے 2 دیوہیکل پانڈا 10 سال کے لیے امریکہ روانہ*

 

چین کے شہر چینگدو سے 2 دیوہیکل پانڈا 10 سالہ قیام کے لیے امریکی ریاست جارجیا کے شہر اٹلانٹا روانہ ہو گئے۔

 

چینی حکام کے مطابق پنگ پنگ اور فو شوانگ کو اتوار کو چارٹرڈ پرواز سے روانہ کیا گیا۔ روانگی سے قبل چینگدو ریسرچ بیس میں الوداعی تقریب ہوئی۔

 

سفر کے دوران ان کے لیے تازہ بانس، کونپلیں، سیب اور ادویات کا انتظام کیا گیا ہے۔ چینی اور امریکی ماہرین پرواز میں صحت کی نگرانی کریں گے۔ اٹلانٹا پہنچنے پر قرنطینہ اور طبی معائنہ ہوگا۔

 

*پانڈا ڈپلومیسی کیا ہے؟*

چین کئی دہائیوں سے پانڈا کو سفارتی تعلقات کے لیے استعمال کرتا ہے۔ 1972 میں نکسن کے دورہ چین کے بعد بیجنگ نے امریکہ کو 2 پانڈا دیے تھے۔

 

1984 کے بعد چین پانڈا تحفے میں دینے کے بجائے معاہدے کے تحت بھیجتا ہے۔ بیرون ملک پیدا ہونے والے بچے بھی چین کی ملکیت رہتے ہیں اور بعد میں واپس بھیجے جاتے ہیں۔