لاہور میں شادی کی تقریب میدانِ جنگ بن گئی، بارات خالی ہاتھ لوٹ گئی

لاہور میں شادی کی تقریب میدانِ جنگ بن گئی، نوٹ نچھاور کرنے پر باراتیوں اور میزبانوں کے درمیان ہاتھا پائی ہو گئی۔

رپورٹ کے مطابق لاہور کے علاقے باٹا پور کے ایک شادی ہال میں نوٹ نچھاور کرنے کے معاملے پر باراتیوں اور میزبانوں کے درمیان تلخ کلامی کے بعد جھگڑا شروع ہو گیا۔ دونوں جانب سے ایک دوسرے پر تھپڑوں اور مکوں کی بارش کر دی گئی، جس سے شادی کی خوشیاں بدنظمی میں بدل گئیں۔

واقعے کے بعد بارات دلہن کے بغیر ہی واپس روانہ ہو گئی، جبکہ دلہن کے والدین نے بیٹی کی شادی اپنے ایک عزیز کے بیٹے سے کر دی۔

پولیس نے موقع پر پہنچ کر بعض باراتیوں کو حراست میں لے لیا، تاہم مقامی معززین کی مداخلت پر دونوں فریقین کے درمیان صلح ہو گئی۔