خاتون کو بینچ پر بیٹھ کر رونا مہنگا پڑ گیا، انوکھے جرم میں ہزاروں روپے جرمانہ کر دیا؟

برلن: جرمنی میں کھیل کے میدان میں بینچ پر بیٹھ کر رونے والی خاتون کو جرمانہ، ساتھ بچہ نہ ہونے پر بلدیہ کے اہلکاروں نے 25 یورو کا چالان کر دیا۔

جرمن نشریاتی ادارے کے مطابق یہ واقعہ شہر گیلسن کرشن میں پیش آیا، جہاں 31 سالہ حنا نامی خاتون ایک بینچ پر بیٹھ کر اپنی خالہ سے فون پر بات کر رہی تھیں۔

خاتون نے ادارے کو بتایا کہ اس وقت میں اپنی تعلیم اور مالی معاملات کے حوالے سے شدید دباؤ کا شکار تھی، تاہم مجھے اس بات کا علم نہیں تھا کہ شہر کے بلدیاتی قوانین کے تحت بچوں کے بغیر کھیل کے میدان میں بیٹھنا بھی خلاف ورزی تصور کیا جاتا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق تعلیمی اور مالی پریشانیوں سے ذہنی طور پر پریشان حنا نے کچھ دیر چہل قدمی کرنے کا فیصلہ کیا، اسی دوران وہ ایک کھیل کے میدان میں بینچ پر بیٹھ گئیں اور ان کی آنکھوں سے آنسو جاری ہو گئے۔

اسی دوران بلدیہ کے 3 اہلکار ان کے پاس آئے اور پوچھا کہ کیا جھولوں پر کھیلنے والے 2 لڑکے آپ کے بچے ہیں؟ جب حنا نے نفی میں جواب دیا تو اہلکاروں نے ان پر 25 یورو، یعنی تقریباً 7 ہزار 581 پاکستانی روپے جرمانہ عائد کر دیا۔