لاہور: جواد احمد کی پی ٹی آئی اور جے یو آئی (ف) کی سیاسی تحریکوں پر تنقید، دونوں جماعتوں کے نام نہاد انقلاب اپنے اختتام کو پہنچ چکے ہیں، گلوکار کا دعویٰ۔
برابری پارٹی کے سربراہ و گلوکار جواد احمد نے پی ٹی آئی اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کی سیاسی تحریکوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں جماعتوں کے نام نہاد انقلاب اپنے اختتام کو پہنچ چکے ہیں۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جواد احمد نے اپنے بیان میں کہا کہ پہلے پی ٹی آئی کا جعلی انقلاب ختم ہوگیا کیونکہ کوئی بھی ان کے لیے باہر نہیں نکلا، جبکہ اب جے یو آئی کا جعلی انقلاب بھی اپنے انجام کو پہنچ گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تاریخ کا سچ یہ ہے کہ عمران خان اور مولانا فضل الرحمان جیسے ارب پتی سیاستدان انقلاب نہیں لاتے بلکہ اصل انقلاب تو ان کے خلاف آتے ہیں۔
جہاں جے یو آئی (ف) پر مخالفین کی جانب سے تنقید کا سلسلہ جاری ہے، وہیں جمعیت علمائے اسلام کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے ملک کو خونریزی، تشدد اور انتشار سے بچانے کے لیے گرفتاری دی۔






