وزیر توانائی اویس لغاری نے بجلی کے جدید میٹرز کی تنصیب کے حوالے سے اہم بیان دیا ہے۔
اویس لغاری سے ایشین انفرااسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے وفد کی ملاقات کی، اس دوران توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری، ٹرانسمیشن نظام اور قابلِ تجدید توانائی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر اویس لغاری نے کہا کہ پاکستان میں نارتھ ساؤتھ ٹرانسمیشن انفرااسٹرکچر سرمایہ کاری کے اہم مواقع فراہم کرتا ہے، حکومت پاور سیکٹر کی ڈیجیٹلائزیشن اور جدید اے ایم آئی میٹرز کی تنصیب پر کام کر رہی ہے، ایک کروڑ بجلی کے جدید میٹرز کی مرحلہ وار تنصیب کے منصوبے پر پیشرفت جاری ہے۔
وزیر توانائی نے مزید کہا کہ ابتدائی مرحلے میں تقریباً 15 لاکھ جدید میٹرز نصب کیے جا چکے ہیں، بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹمز اور ٹرانسمیشن لائنز حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔
ملاقات کے دوران ایشین انفرااسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک نے پاکستان کے توانائی شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
کونستانتین لیمیٹووسکی نے کہا کہ بینک کے پاس تقریباً 100 سے 150 ملین ڈالر کی ممکنہ سرمایہ کاری پائپ لائن میں ہے، بینک قابلِ تجدید توانائی، پائیدار انفرااسٹرکچر اور ٹرانسمیشن منصوبوں کی مالی معاونت کا جائزہ لے گا۔
پاکستان اور ایشین انفرااسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے درمیان توانائی شعبے میں تعاون بڑھانے پر غور کیا گیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں




