وزیر مملکت برائے قومی ورثہ و ثقافت حذیفہ رحمان نے کہا ہے کہ آئندہ بجٹ 2006-27 عوام دوست ہوگا بجلی اور پٹرولیم مصنوعات پر ریلیف دیا جائے گا۔
وفاقی حکومت نے بجٹ 2006-27 کو عوام دوست، کسان دوست اور صنعتکار دوست قرار دیتے ہوئے بجلی، پٹرولیم مصنوعات، پراپرٹی سیکٹر اور صنعتی شعبے کے لیے بڑے ریلیف کا عندیہ دیا ہے۔
اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے وزیر مملکت حذیفہ رحمان نے کہا ہے کہ حکومت مشکل معاشی حالات میں بھی عوام کو ریلیف دینے کے لیے بجٹ 2006-27 کی تیاریوں میں مصروف ہے اور وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ ایسے اقدامات کیے جائیں جن سے عام آدمی کو براہ راست فائدہ پہنچے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے جون 2022 میں انتہائی مشکل معاشی حالات میں ملک سنبھالا، اس وقت زرمبادلہ کے ذخائر خطرناک حد تک کم ہو چکے تھے، تاہم اب معاشی اعشاریوں میں بہتری آرہی ہے۔
وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ اگر خطے میں حالیہ کشیدگی اور جنگ کے عالمی حالات کے اثرات نہ ہوتے تو حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی لانے کا ہدف رکھتی، تاہم وزیراعظم نے وزارت خزانہ کو ہدایت کی ہے کہ اشیائے خورونوش، ادویات اور سستی بجلی کے حوالے سے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ آئندہ بجٹ میں پراپرٹی سیکٹر کے لیے بڑا ریلیف پیکج متوقع ہے کیونکہ اس شعبے کی جانب سے متعدد شکایات سامنے آ رہی تھیں اور سرمایہ کاری کا عمل متاثر ہو رہا تھا۔
حذیفہ رحمان نے کہا کہ کسانوں کو زرعی ادویات (پیسیٹی سائیڈز) پر ریلیف اور ممکنہ سبسڈی دینے پر بھی غور کیا جا رہا ہے تاکہ زرعی شعبے کو سہارا دیا جا سکے، جبکہ صنعتی شعبے کو بھی مراعات دینے کی تیاری ہے تاکہ برآمدات میں اضافہ اور درآمدی بوجھ میں کمی لائی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ سستی بجلی فراہم کرکے صنعتوں کو دوبارہ فعال کیا جائے، روزگار کے مواقع پیدا ہوں اور معیشت مضبوط ہو۔
انٹرویو کے دوران انہوں نے یہ بھی کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے ہدایت دی ہے کہ عوام کے پاس واپس جانا ہے تو بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں ریلیف دینا ضروری ہے۔
وزیر مملکت کے مطابق آئندہ بجٹ میں نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور حکومت اپنی باقی مدت میں عوامی توقعات پوری کرنے کے لیے معاشی ریلیف پر توجہ دے رہی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






