آزاد کشمیر میں ترقی اور خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا، افتخار گیلانی

مظفرآباد: آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کی جانب سے نامزد وزیراعظم بیرسٹر افتخار گیلانی نے اپنے پہلے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ مسلم لیگ ن جب بھی پاکستان یا آزاد کشمیر میں اقتدار میں آئی، تعمیر و ترقی کا نیا دور شروع ہوا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے ہمیشہ عوام کے حقوق کا تحفظ کیا ہے، جبکہ آزاد کشمیر میں ان کی جماعت کا وژن وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت کے ترقیاتی وژن کے مطابق ہے۔

بیرسٹر افتخار گیلانی کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی وفاقی حکومت اور مریم نواز کی پنجاب حکومت کی طرز پر آزاد کشمیر میں بھی ترقیاتی پروگرامز نافذ کیے جائیں گے اور وفاق و پنجاب میں جاری تعمیر و ترقی کے ماڈل کو اپنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ آزاد کشمیر میں ترقی اور خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا، جبکہ عوامی حقوق کا تحفظ اور تعمیر و ترقی ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہوگی۔