لاہور: وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ریسکیو سروسز کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے صوبے کی 39 تحصیلوں میں 39 نئی فائر گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں۔
عظمیٰ بخاری کے مطابق منصوبے کی مجموعی لاگت ایک ارب 88 کروڑ 40 لاکھ روپے ہے، جبکہ 273 فائر فائٹرز اور 156 ڈرائیورز سمیت مجموعی طور پر 429 اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔
منصوبے کے تحت فائر ریسکیو اہلکاروں کو 78 سانس لینے کے حفاظتی آلات، 273 حفاظتی لباس اور جدید مواصلاتی آلات بھی فراہم کیے جائیں گے، تاکہ تحصیل کی سطح پر آتشزدگی کے واقعات میں بروقت امدادی کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ پنجاب کی تمام تحصیلوں تک فائر ریسکیو سروسز کی توسیع کی منظوری دے دی گئی ہے اور منصوبہ جون 2027 تک مکمل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں فائر ریسکیو سروسز قائم کی جاچکی ہیں۔ پنجاب ریسکیو نے اب تک 2 لاکھ 97 ہزار 338 سے زائد آتشزدگی کے واقعات میں کارروائی کرتے ہوئے ممکنہ طور پر 794 ارب روپے سے زائد کے نقصانات سے بچاؤ یقینی بنایا۔
عظمیٰ بخاری کے مطابق صوبے کی کمرشل مارکیٹوں میں 975 فائر ہائیڈرنٹس کی تنصیب کا منصوبہ بھی جاری ہے جبکہ فائر سیفٹی انتظامات کے جائزے کے لیے 2,449 بلند و بالا عمارتوں کا سروے مکمل کرلیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے تمام ڈی ایچ کیو اور ٹی ایچ کیو اسپتالوں میں لائف سیور اور بنیادی فائر فائٹنگ کی تربیت دی گئی ہے، جبکہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے موک ایکسرسائزز بھی کی گئی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں 5 ہزار سے زائد کمیونٹی ایمرجنسی رسپانس ٹیمز قائم کی جاچکی ہیں اور وزیراعلیٰ کی ہدایت پر اسپتالوں کو آتشزدگی سے محفوظ بنانے کے لیے جامع لائحہ عمل پر عملدرآمد جاری ہے۔
وزیر اطلاعات نے مزید بتایا کہ مالی سال 2025-26 میں پنجاب ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ کا مجموعی بجٹ 21 ارب 62 کروڑ 50 لاکھ روپے جبکہ نظرثانی شدہ بجٹ 22 ارب 51 کروڑ 30 لاکھ روپے ہے۔






