کرپٹ عناصر کے خلاف میگا آپریشن

لاہور: ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سہیل ظفر چٹھہ نے کرپشن کے خاتمے کے لیے تمام ضلعی اور ڈویژنل افسران کو خصوصی ٹاسک سونپ دیا۔

اینٹی کرپشن حکام کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران محکمہ مال اور پولیس کے متعدد افسران و ملازمین کو کرپشن کے الزامات میں گرفتار کیا گیا۔

گرفتار افراد میں ساہیوال سے پنجاب پولیس کے سب انسپکٹر عبدالسلام، فیصل آباد سے اے ایس آئی محمد عرفان، بہاولپور سے تحصیلدار یاسین شاکر اور نائب تحصیلدار حسنین غنی شامل ہیں۔

بہاولنگر سے سابق نائب تحصیلدار علی اکبر، پٹواری محمد وقاص اور پٹواری لیاقت علی، جبکہ ملتان سے رجسٹری برانچ کے ریکارڈ کیپر عمر دراز کو گرفتار کیا گیا۔

سیالکوٹ سے ایل آر او نور الحسن، انچارج ریکارڈ سینٹر محمد علی راجپوت اور ایس سی او شاہد کو حراست میں لیا گیا۔ دیپالپور سے پٹواری مدثر سیف، ملتان سے پٹواری اللہ نواز اور منڈی بہاؤالدین سے پٹواری محمد عثمان بھی گرفتار کیے گئے۔

اسی طرح ساہیوال سے پٹواری عثمان اقبال اور پرائیویٹ کلرک حمزہ الیاس جبکہ چنیوٹ سے پٹواری نذر عباس اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سے کاشف صدیق کو بھی گرفتار کیا گیا۔

ڈی جی اینٹی کرپشن سہیل ظفر چٹھہ نے افسران کو ہدایت کی کہ کرپٹ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے اور انہیں ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کرپشن اور کرپٹ عناصر کی بلاجھجک نشاندہی کریں، جبکہ شکایات کے اندراج کے لیے اینٹی کرپشن کی خصوصی ہیلپ لائن 3050 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔