آزاد کشمیر بھر کے سپیشل ایمپلائز کے حقوق کے تحفظ، مسائل کے حل اور مؤثر نمائندگی کے لیے آزاد کشمیر سپیشل ایمپلائز ایسوسی ایشن قائم کر دی گئی ہے۔ آکاب سکول فار دی بلائنڈز میرپور میں ہونے والے اجلاس میں تنظیم کی عارضی باڈی تشکیل دی گئی، جس میں پروفیسر محمد الیاس ایوب صدر منتخب ہوئے۔
اجلاس میں ایسوسی ایشن کے مقاصد، تنظیمی ڈھانچے، آئین کی تیاری اور مالی امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ تلاوتِ کلامِ پاک سے شروع ہونے والے اجلاس میں پروفیسر محمد الیاس ایوب نے تنظیم کے قیام کی ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سپیشل ایمپلائز کے جائز حقوق کے تحفظ اور مسائل کے حل کے لیے متحد اور منظم پلیٹ فارم ضروری ہے۔
شرکاء نے اتفاق کیا کہ ایسوسی ایشن ریاست بھر کے سپیشل ایمپلائز کے مسائل اجاگر کرنے، ان کے حقوق کے تحفظ اور جائز مطالبات کی متعلقہ فورمز پر نمائندگی کے لیے کردار ادا کرے گی۔ اراکین نے باہمی اتحاد، مشاورت اور مشترکہ جدوجہد کو تنظیم کی بنیاد قرار دیا۔
عارضی باڈی کے عہدیدار
اجلاس میں مشاورت اور اتفاقِ رائے سے پروفیسر محمد الیاس ایوب صدر، پروفیسر عماد بشیر نائب صدر اول، پروفیسر آفتاب احمد نائب صدر دوم، محمد جمیل سیکرٹری جنرل، حبیب تاج ڈپٹی سیکرٹری، نثار علی سیکرٹری فنانس اور پروفیسر نعیم الدین سیکرٹری نشر و اشاعت منتخب ہوئے۔ تصور حسین شاہ کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا۔
ایسوسی ایشن کا باقاعدہ آئین مرتب کرنے کے لیے ایک کمیٹی بھی قائم کی گئی، جسے ممبرشپ، رکنیت کے طریقۂ کار اور دیگر قواعد و ضوابط طے کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی۔ اجلاس میں تنظیم کے نام سے بینک اکاؤنٹ کھلوانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اجلاس کے اختتام پر عزم ظاہر کیا گیا کہ ایسوسی ایشن کو فعال اور مؤثر پلیٹ فارم بنایا جائے گا اور سپیشل ایمپلائز کے حقوق کے حصول اور مسائل کے حل کے لیے آئینی و قانونی طریقے اختیار کیے جائیں گے۔ ایسوسی ایشن کی کامیابی اور ملازمین کے مسائل کے حل کے لیے دعا بھی کی گئی۔






