سرکاری اور نجی کالجز میں ہفتہ وار تعطیلات میں فوری اضافہ کرتے ہوئے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
محکمہ ہائیر ایجوکیشن آزاد جموں و کشمیر نے تمام سرکاری اور نجی کالجز میں ہفتہ وار دو چھٹیوں کا اعلان کردیا ہے۔ محکمہ ہائیر ایجوکیشن کی جانب سے جاری کردہ سرکاری نوٹیفکیشن کے تحت کالجز پیر سے جمعہ تک کھلے رہیں گے، جبکہ ہفتہ اور اتوار کو ہفتہ وار چھٹیاں ہوں گی۔
پانچ روزہ کام کا نیا شیڈول فوری طور پر نافذ العمل ہوگیا ہے۔ یہ حکم محکمہ ہائیر ایجوکیشن کے انتظامی کنٹرول میں آنے والے تمام سرکاری اور نجی کالجز پر لاگو ہوگا۔
کالج انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کام کے ہفتے کے اس نئے نظام پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔
محکمہ اعلیٰ تعلیم آزاد جموں و کشمیر نے خطے بھر کے تمام سرکاری اور نجی کالجز میں باضابطہ طور پر پانچ روزہ کاروباری ہفتے کا نظام متعارف کرایا ہے۔
واضح رہے کہ ملک کے چاروں صوبوں میں پہلے ہی ہفتہ وار دو تعطیلات کا نظام رائج ہے۔ آزاد کشمیر میں پانچ روزہ کام کے ہفتے کے نفاذ کے ساتھ ہی آزاد کشمیر کے کالجز کا ہفتہ وار شیڈول ملک کے دیگر کئی بڑے تعلیمی نظاموں میں رائج طریقہ کار کے مطابق ہوگیا ہے۔






