آزاد کشمیر کے صدارتی انتخاب کا شیڈول جاری، قانون ساز اسمبلی کے ارکان 24 ستمبر کو نئے صدر کا انتخاب کریں گے

مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر میں صدارتی انتخاب کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا۔ چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے صدارتی انتخاب کا شیڈول جاری کرتے ہوئے بتایا کہ قانون ساز اسمبلی کے 46 ارکان 24 ستمبر کو ریاست کے نئے صدر کا انتخاب کریں گے۔

چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل صدارتی انتخاب کے لیے ریٹرننگ افسر کے فرائض بھی انجام دیں گے۔ جاری کردہ شیڈول کے مطابق امیدوار 19 ستمبر کو صبح 10 بجے سے دوپہر 12 بجے تک کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا سکیں گے، جبکہ کاغذات کی جانچ پڑتال بھی اسی روز کی جائے گی۔

امیدوار 23 ستمبر تک اپنے کاغذاتِ نامزدگی واپس لے سکیں گے۔ صدارتی انتخاب کے لیے پولنگ 24 ستمبر کو صبح 10 بجے سے دوپہر ایک بجے تک ہوگی۔

چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے سینئر رکن الیکشن کمیشن خواجہ احسن اور رکن سید نذیر گیلانی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صدر کے عہدے کے امیدوار کی کم از کم عمر 35 سال مقرر ہے۔

انہوں نے بتایا کہ راولاکوٹ میں نامساعد حالات کے باعث سات نشستوں پر تاحال انتخابات نہیں کرائے جا سکے۔ تاہم، امن و امان کی صورتحال بہتر ہوتے ہی ان نشستوں پر انتخابی عمل یقینی بنایا جائے گا۔