آکاب سکول فار دی بلائنڈز میرپور نے آزاد جموں و کشمیر انٹرمیڈیٹ و ثانوی تعلیمی بورڈ کے سالانہ انٹرمیڈیٹ امتحانات 2026ء میں 100 فیصد کامیابی حاصل کی ہے۔
بورڈ کے جاری کردہ نتائج کے مطابق اویس تسلیم نے 908 نمبر لے کر ادارے میں پہلی، حیدر علی نے 807 نمبر لے کر دوسری اور سماویہ رانی نے 703 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ طلبہ نے تعلیمی بورڈ کے قواعد کے مطابق معاون لکھاریوں کی مدد سے امتحانات میں شرکت کی۔
ادارے کے سرپرستِ اعلیٰ پروفیسر محمد الیاس ایوب نے کامیاب طلبہ، اساتذہ، والدین اور انتظامیہ کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ والدین کی حوصلہ افزائی اور مخیر حضرات کے تعاون سے ادارہ بصارت سے محروم بچوں کو تعلیم و تربیت کی بہتر سہولیات فراہم کر رہا ہے۔
پروفیسر محمد الیاس ایوب نے کہا کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے۔ آکاب سکول کا مقصد بصارت سے محروم بچوں کو معیاری تعلیم کے ساتھ خوداعتمادی پیدا کرنے اور معاشرے میں باعزت مقام حاصل کرنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔






